حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین سید ابراہیم رئیسی نے منگل کے روز آیاتِ عظام مکارم شیرازی، نوری ہمدانی، شبیری زنجانی، جوادی آملی، جعفر سبحانی اور مظاہری کے ساتھ الگ الگ فون کالز میں انہیں نئے سال کی مبارکبادی کے ساتھ مراجع عظام کی حکومتی امور میں لوگوں کی بہتر خدمت کے سلسلہ میں توجہ، حمایت اور رہنمائی پر شکریہ ادا کیا اور آنے والے سال میں عوام کی مخلصانہ خدمت کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا بھی اظہار کیا۔
مراجع عظامِ تقلید نے بھی ایرانی صدر کو نئے سال کی آمد کی مبارکباد کے ساتھ عوام کی مخلصانہ خدمت اور انقلاب اسلامی کے نظریات کی حمایت جاری رکھنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے خداوند متعال سے نئے آنے والے سال میں صدر مملکت اور حکومت کی مشکلات کے حل اور لوگوں کی بہتر خدمت میں کامیابی کی دعا کی۔
اس سے قبل صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے اپنے پیغام نوروز میں کہا کہ گذشتہ ایرانی سال کے دوران نشیب و فراز آتے رہے اور بعض زاویوں سے تلخ تو بعض زاویوں سے شیرینی کا سال رہا مگر گذشتہ ایرانی سال کے دوران ایرانی عوام نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کر کے مختلف میدانوں میں اپنے ہیرو ہونے کو ثابت کر دیا۔انھوں نے کہا کہ گذشتہ ایرانی سال فیصلہ کن سال ثابت ہوا۔
صدر مملکت نے ایرانی عوام کو اس بات کا یقین دلایا کہ نئے ایرانی سال میں حکومت عوام سے کئے جانے والے اپنے وعدے پورے کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی اور معیشت کو بہتر بنانے، بدعنوانی کے خلاف مہم تیز، افراط زر کو کنٹرول، پیداواری عمل آگے بڑھانے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی انتھک کوشش کی جائے گی۔
صدر مملکت نے خارجہ پالیسی کے بارے میں بھی کہا کہ حکومت کا رویہ شروع سے ہی متوازن سفارتکاری، اچھی ہمسائیگی اور علاقائی یکجہتی پر استوار رہا ہے اور ایرانی سال چودہ سو ایک اس ایرانی پالیسی کے نتائج کا سال رہا ہے۔